ٹرمپ نے اپنے مؤاخذے کے پورے عمل کو جعلی قرار دے دیا

171

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے مؤاخذے کا پورا عمل جعلی ہے اور بائیں بازوکی انتہا پسند ڈیموکریٹک پارٹی نفرت کو ترویج دینے والوں کی جماعت بن گئی ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں ٹرمپ نے لکھا کہ مؤاخذے کی کارروائی میرے ساتھ نا انصافی ہے، ڈیموکریٹس امریکا کے حق میں بہت برے ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا مؤاخذے کی کارروائی غیرجانبدارانہ ہوگی لیکن وہ اب مکمل طور پر فریق بن گئے ہیں۔ امریکا کے کسی صدرنے اتنا کام نہیں کیا جتنا میں نے کیا۔ ڈیموکریٹس صرف مجھے عہدے سے ہٹانا چاہتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ 2020 کے انتخابات میں بھی وہ صدر کو ہرا نہیں سکتے۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روزصدر ٹرمپ کے خلاف مؤاخذے کی کارروائی کی سماعت کرنے والی جوڈیشری کمیٹی نے ان کے مؤاخذے کی منظوری دے دی تھی۔ دوسرے مرحلے میں مؤاخذے کی قرارداد ایوان نمایندگان میں پیش کی جائے گی، جس کے بعد باضابطہ کارروائی کا آغاز ہوجائے گا۔ ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمایندگان میں ریپبلکنز پر 36 نشستوں کی برتری حاصل ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ معاملہ ڈیموکریٹس کی امیدوں کے عین مطابق وہاں پاس ہو جائے گا۔ تاہم سینیٹ میں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے، جہاں ڈیموکریٹس کو ناکامی ہوسکتی ہے۔