امپائرنگ کی دنیا میں علیم ڈار کےنام ایک  اور ریکارڈ

246

لاہور: پاکستانی امپائر علیم ڈار نےنیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ۔سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں فرائض انجام دینے والے دنیائے کرکٹ کے عظیم امپائر بن گئے ۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین آج کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ علیم ڈار کیلئے یادگار ترین میچ ثابت ہوگا ، یہ ان کے کیریئر کا 129 واں انٹرنیشنل ٹیسٹ میچ ہوگا۔ علیم ڈار سے پہلے ویسٹ انڈیز کے اسٹیوبکنر سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔

پاکستانی امپائر علیم ڈار ون ڈے میچوں میں بھی ریکارڈ بنانے کے بہت ہی قریب ہیں۔ وہ اب تک 207 میچوں میں اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ جنوبی افریقا کے روڈی کرٹزن سب سے زیادہ 209 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔ علیم ڈار 46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بھی بطور امپائر اپنی ذمہ داری انتہائی احسن طریقے سے انجام دی ہیں ۔

علیم ڈار نے اپنے ریکارڈ سے متعلق خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اتنا کچھ حاصل کرلوں گا۔ اہل خانہ کے تعاون کے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی امپائر علیم ڈار 2009ء سے 2011ء تک مسلسل تین مرتبہ آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔

علیم ڈار نے سن 2000 میں پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ ٹیسٹ کیریئر کا آغاز انہوں نے 2003ء میں انگلینڈ اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ سے کیا تھا۔