دنیا بھر میں سب سے زیادہ صحافی چین میں قید

107

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) نیویارک میں قائم صحافیوں کی تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ صحافیوں کو رپورٹنگ میں سب سے زیادہ مشکلات چین میں درپیش ہیں۔ سی پی جے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ دنیا میں سب سے زیادہ صحافی چین کی جیلوں میں قید ہیں۔ 2018 ء میں یہ تعداد 47 تھی۔ رواں برس ایک اورصحافی گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس طرح اب چین میں مقید صحافیوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔ گرفتار ہونے والے صحافیوں میں سے بیشتر کو ریاست کے خلاف کام کرنے اور غلط خبریں دینے کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب، مصر، اریٹیریا، ویتنام، ترکی اور ایران میں بھی بڑی تعداد میں صحافیوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ چین کے بعد دوسرا ملک ترکی ہے، جہاں 47صحافی قید ہیں۔ رپورٹ میں مشرق وسطیٰ کے ممالک میں صحافیوں کی گرفتاریاں بڑھنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ سعودی عرب اور مصر میں گرفتار صحافیوں کی تعداد مجموعی طور پر 52ہے۔ سعودی عرب میں 18صحافیوں کے خلاف درج مقدمات کی کارروائی ابھی تک شروع نہیں ہوپائی۔ صحافیوں کی تنظیم کے مطابق 3برس کے دوران چین میں سب سے زیادہ صحافیوں کو حراست میں لیا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ کے دور میں ذرائع ابلاغ کو محدود کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا وہ ابھی تک جاری ہے۔