پی آئی سی حملہ کیس،گرفتار وکلاء کےجسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد،جیل منتقل

307

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کے الزام میں گرفتار ہونے والے وکلاء کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جوڈیشل رمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کے الزام میں گرفتار ہونے والے46وکلاء کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا،پولیس نے وکلاء کو ہتھکڑیاں لگا کر اور منہ پر کالا کپڑا چڑھا کر پیش کیا۔

ملزمان کو ایڈمن جج عبدالقیوم خان کے روبرو پیش کیا گیا،ملزمان کی طرف سے سپریم کورٹ بار کے سینیئر نائب صدر غلام مرتضی چوہدری ، ایڈوکیٹ صغراں گلزار، ایڈوکیٹ نوشین امبر اور ایڈوکیٹ طاہر منہاس عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسرنے ملزمان کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعاکی ، عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وکلاء کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ پولیس نے وکلاء کے خلاف تھانہ شادمان ٹاؤن میں 2 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں،ایف آئی آر میں دہشت گردی، اقدام قتل، ڈکیتی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تشددکا نشانہ بنانے، سرکاری کام میں مداخلت سے مریضوں کی جان جانے کی دفعات شامل ہیں۔