انسداد بدعنوانی کو بطور اسباق نصاب میں شامل کر لیا جائے‘سہیل انور سیال

239

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے اینٹی کرپشن، آب پاشی اور زکواۃ و عشرسہیل انور سیال نے کہاہے کہ نئی نسل کو کرپشن فری پاکستان دینا چاہتے ہیں،کرپشن کا خاتمہ ہماری معاشی و معاشرتی ترقی کا ضامن ہے ۔ انسداد بدعنوانی کو بطور اسباق نصاب میں شامل کر لیا جائے جب کہ کرپشن ایک ناسور کی شکل اختیار کر چکا ہے اس کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ کے محکمہ اینٹی کرپشن و اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے آگاہی واک بعنوان(بدعنوانی سے پاک پاکستان)کی قیادت کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔آگاہی واک کا انعقاد نیو سندھ سیکرٹریٹ عمارت نمبر 1 براستہ صوبائی اسمبلی عمارت اور آرٹس کونسل تک کیا گیا ۔واک میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ ، چیئرمین اینٹی کرپشن ،ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات منصور احمد شیخ ،محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران و عملہ ، سرکاری ملازمین و افسران سمیت صوبائی محکموں کے سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرل مختلف اداروں کے چیئرمین ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اسکائوٹس ، طلباوطالبات، میڈیا نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکا نے انسداد بدعنوانی پر مبنی بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے ۔