ایرانی بحریہ کے سربراہ کا نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ

129
اسلام آباد:ایرانی بحریہ کے سربراہ ڈاکٹر حسین گارڈ آف آنر کا معائنہ کررہے ہیں چھوٹی تصویرمیں پاکستانی ہم منصب ظفر محمود عباسی سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) کمانڈر نیوی اسلامی جمہوریہ ایران ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران سیکورٹی، استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم و کار کردگی اور میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میںکی جانے والی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ نیول چیف نے پاکستان کے زیر اہتمام کثیرالملکی مشق امن 19 میں اسلامی جمہوریہ ایران نیوی کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔
ریئر ایڈمرل ڈاکٹرحسین خانزادی نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا اور دونوں معزز شخصیات نے مختلف شعبہ جات میں دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ قبل ازیں امیر البحر نے معزز مہمان کا پر تپاک استقبال کیا، پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو اعزازی سلامی پیش کی، ایرانی نیوی کے سربراہ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی بعد ازاں نیول ہیڈکوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے آپ کا تعارف کروایا گیا۔