بھارت مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے، امریکی نمائندگان

256

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بندش ختم اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

بل میں شہریوں کی مذہبی آزادی کا احترام کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے عالمی مبصرین اور صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی فراہم کرے۔

ڈیمو کریٹک پارٹی کی پرمیلا جے پال اورریپبلکن پارٹی کے سٹیو واٹکنز کی طرف سے بل پیش کیا گیا ، متن میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں مواصلاتی بندش ختم کی جائے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا، مقبوضہ وادی میں مسلسل 126 روز سے کرفیو نافذ ہے جبکہ بھارتی ظلم اور بربریت بھی جاری ہے، جو انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

 چین، امریکہ، ترکی، ملائیشیا سمیت کئی ممالک بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں جبری پابندیاں ختم کرنے کا کہہ چکے ہیں تاہم بھارت اپنی ہٹ دھرمی قائم رکھے ہوئے ہے۔