پنجاب ایپکا ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کو یقینی بنائے

247

فیصل آباد(جسارت نیوز)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)ڈویژن کے صدر چودھری امتیاز احمد تتلہ، جنرل سیکرٹری چودھری ذوالفقار علی کاہلوں، چیئرمین رانا محمد یاسر خورشید، سینئر نائب صدر میاں مقصود احمد، پرویز احمد بسرا، محمد رضوان گجر، چودھری شہباز احمد جٹ، صدف اشرف اور دیگر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ایپکا ملازمین کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائے۔چودھری امتیازاحمدتتلہ نے کہاکہ پیٹرول اور روزمرہ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ بھی نا قابلِ برداشت ہے اس مہنگائی نے عام آدمی کے لیے بھی جینا محال کر دیا ہے۔حالیہ مہنگائی اور پیٹرولیم گیس و اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں بے انتہااضافہ نے ملازمین کی دو وقت کی روٹی بھی چھین لی وہ بچوں سمیت فاقوں پر مجبور ہیں ا ور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔تمام سرکاری ملازمین کو ایک جیسے بنیادی پے اسکیل اور الائونسز کی ادائیگی، ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہوں میں ضم کر کے پے سکیل ریوائزڈ اورہائوس رینٹ نئے پے سکیل پر 60فیصد کرنے کے ساتھ ساتھ تمام کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی اور ختم کی گئی اسامیاں بحال کیے جائیں۔ چودھری ذوالفقارعلی کاہلوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہوں مین ضم کرتے ہوئے اسکیل ریوائز کیے جائیں اور مہنگائی کے تناسب سے بنیادی تنخواہوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے، 2008ء تنخواہوں پر منجمد ہائوس رینٹ 60فیصد اضافے کے ساتھ نئے اسکیل کے مطابق دیا جائے، آمریت دور میں چھینی گئی تمام مراعات واپس کی جائیں جس میں پے اسکیل کی سابقہ سٹیج کی بحالی شامل ہے، تمام وفاقی کلریکل ملازمین کو صوبوں کے طرز پر اپ گریڈیشن دی جائے،تمام کنٹریکٹ اورپراجیکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے،میڈیکل الائونس میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے،بوقت ریٹائرمنٹ BF فنڈ اور گروپ انشورنس کی رقم واپس کی جائے،تمام صوبوں میں سیکرٹریٹ کی طرز پر تمام وفاقی و صوبائی ملازمین کو ہائوس ریکوزیشن اور یوٹیلیٹی الائونس دیا جائے،طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے، تمام سرکاری ملازمین کو امراض قلب کے علاج کے لیے صرف سرکاری اسپتالوں سے علاج کروانے کی پابندی ختم کرتے ہوئے تمام اسپتالوں سے علاج کروانے کی اجازت دیتے ہوئے بلا تخصیص پورا میڈیکل بل اداکیا جائے۔