مغربی سیاست دان اور میڈیا اسلام کوبدنام کرنے سے باز آئیں‘ اردوان

288
کیمبرج: تُرک صدر رجب طیب اردوان مسجد میں خطاب کررہے ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مغربی سیاست دان اور میڈیا اسلام کو بدنام کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ نہیں جوڑا جاسکتا۔ اگر کوئی شخص مسلمان کے بھیس میں دہشت گردی کرتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے اسلامی دہشت گردی کہہ دیا جائے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اردوان نے برطانیہ میں کیمبرج میں تعمیر کردہ یورپ کی پہلی ماحول دوست مسجد کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال کی کاوشوں کے بعد مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی ہے اور اس سے وہاں کے مقامی مسلمانوں کو عبادت میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے اب تک داعش کے خلاف سب سے زیادہ کارروائیاں کی ہیںاس کے باوجود مغرب عام مسلمانوں کو شدت پسند قرار دے رہا ہے۔ دنیا کو اس وقت تمام لسانی اور مذہبی تعصبات کو ایک طرف رکھتے ہوئے نفرت انگیز ی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مغربی سیاسی اور ابلاغی تنظیموں کو تنبیہ کی کہ وہ ایسے بیانات اور اعلانات سے باز رہیں، جن سے مسلمانوں یا دیگر مذاہب کے پیروکاروں کا تشخص خراب ہوتا اور معاشرے میں ان کے خلاف نفرت پھیلتی ہے۔ اس موقع پر یوسف اسلام کا کہنا تھا کہ مسجد کی تعمیر کیمبرج کے مسلمانوں کے لیے بے انتہاخوشی کا موقع ہے۔