منتخب نمائندے نا اہل ثابت ہونے پر اپنا اعتماد کھوچکے ہیں

108

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطہٰ خان اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمدانور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہر کے منتخب نمائندے نا اہل ثابت ہوئے ہیں اور اپنا اعتماد کھوچکے ہیں اور اگر انہوں نے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی توعوام جلد ان نمائندوں کے خلاف احتسابی تحریک شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر بڑی بڑی باتیں کرکے اور سہانے خواب دکھا کر عوام سے ووٹ لیے گئے اور اب جب کام کرنے کا وقت آیا تو ان کا سراغ ہی نہیں مل پارہا کہ کہاں روپوش ہیں۔رانا طٰہٰ خاں نے کہا کہ فیصل آباد شہر مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے، پورا شہر بنیادی ضروریات اور سہولیات سے محروم ہے۔ ایسے میں پبلک ایڈ کے تمام ذمے داران اپنا فرض سمجھتے ہوئے گلی محلوں میں شہریوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے میں ان کا ساتھ دیں، عوام کی ضروریات اور مسائل کا علم رکھیں اور ان کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آبادسے منتخب ہونے والے نمائندوں نے الیکشن کے بعد اپنی شکلیں ہی نہیں دکھائیں نہ جانے کہاں غائب ہو گئے ہیں، فیصل آبادکے عوام نے جن کو ووٹ دیے تھے وہ نا اہل ثابت ہو ئے ہیں۔ شہری مسائل کا شکار ہیں کوئی داد رسی کرنے والا موجود نہیں مگر جماعت اسلامی کے کارکن شہر کی ہر گلی اور محلے میں دن رات موجود ہیں۔ہم عوام میں سے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھیں گے۔