پی ایس ایل 2020: شین واٹسن سمیت 3 کھلاڑی پاکستان آنے کو بیتاب

448

لاہور: پی ایس ایل 2020 کے ڈرافٹ سے قبل پلاٹینم کٹیگری میں رجسٹریشن کروانے والے آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن کی ایک بار پھر پاکستان آمد کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

ایونٹ کے تمام ایڈیشنز میں حصہ لینے والے آلراونڈر شین واٹسن گذشتہ ایڈیشن میں ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ شین واٹس کی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلی بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کے 12 میچوں میں 143.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے 430 رنز بنانے والے شین واٹسن گزشتہ ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے۔ 43 کی اوسط سے رنز بنانے والے کرکٹر نے ایونٹ میں 4 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

آل راؤنڈر نے پشاور زلمی کے خلاف کوالیفائر کے آخری اوور میں 21 رنز کا دفاع کرکے ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا۔ حریف ٹیم کے کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی کی کریز پر موجودگی کے باوجود شین واٹسن نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔

رواں سال کے آغاز میں پاکستان آنے والے شین واٹسن کاکہناہے کہ وہ ایک بار پھر پاکستان روانگی کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن کے دوران کراچی میں میچز کھیلنا ایک شاندار تجربہ تھا۔ پاکستان میں موجود افراد کی ایک بڑی تعداد کرکٹ کی مداح ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹائٹل جتوانا ان کے کیریئر کا بہترین لمحہ تھا۔

یاد رہے کہ شین واٹسن رواں ماہ کے آغاز میں آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوچکے ہیں لہٰذاایچ ایس ایل 2020 میں شرکت کی غرض سے ان کی پاکستان آمد مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔شین واٹسن کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلنگن بھی پلاٹینم کٹیگری کا حصہ بن کر ڈرافٹ میں شامل ہوچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کےمچل میکلنگن لاہور قلندرز اور نکولس پوران ملتان سلطانز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے مچل میکلنگن نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں 4 میچز کھیلے تھے جبکہ نکولس پوران گذشتہ ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

انگلینڈ کے آلراونڈر اسٹیفن فن نے پی ایس ایل 2020 کی گولڈ کٹیگری کیلئے رجسٹریشن مکمل کرلی ہے۔ اسٹیفن فن سال 2017 اور 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگی۔