پے رول پر رہا ،ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا گرفتار

244

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ (لندن ) کے روپوش ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی شرقی اظفر مہیسر نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس اور سولجر بازار پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کرنے والے ٹارگٹ کِلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کیا۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم پر 1995ء سے اب تک 96 افراد کے قتل کاالزام ہے، ملزم 1996ء میں گرفتار ہوا اور 1997ء میںضمانت پر رہا ہوگیا۔ تاہم 1998ء میں مومن آباد پولیس نے 2 افراد کے قتل کے الزام میں دوبارہ گرفتار کیا اور اسے 2003ء میں پے رول پر رہا کردیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ مفرور تھا۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ ایک خطرناک ٹارگٹ کلر کوپے رول پر کیوں اور کس نے رہا کیا تھا ۔ پولیس کے مطابق ملزم سمیت 50 ٹارگٹ کِلر ایسے ہیں جو گرفتار ہو کر پے رول پر رہا کیے گئے اور پھر وہ لاپتا ہوگئے۔ ایس ایس پی شرقی اظفر مہیسر نے بتایا کہ ملزم نے اپنے بیان میں فاروق ستار سے رابطے کا دعویٰ بھی کیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ملزم نے 30 افراد کو خود قتل کرنے کا اعتراف کیا جبکہ وہ 66 لاشیں بھی ٹھکانے لگا چکا ہے۔ اس کا گینگ40 افراد پر مشتمل تھا، ملزم نے تفتیش میں اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں ۔ یوسف عرف ٹھیلے والا نے بتایا کہ قیادت کے کہنے پر قتل کی واردتیں کرتا تھا، ہمیں رہنماؤں سے ہدایات ملتی تھیں تو وارداتیں کرتے تھے جب کہ وہ ٹھیلے پر رکھ کر لاشیں ٹھکانے لگاتا تھا۔ ندیم ماربل، خالد صدیقی اور عبدالسلام ایم کیو ایم لندن کی قیادت سے رابطے میں تھا اور خالد صدیقی، نہال اور ندیم ماربل کے کہنے پر کئی افراد کو قتل کیا۔ علاوہ ازیںکراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع چشتی نگر کے مکینوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں پارٹی کے تنظیمی سیٹ اپ کا کبھی انچارج نہیں رہا،ہمیشہ سیاسی سیٹ اپ کی ذمے داری نبھائی ہے۔ یہ ذمے داری عامرخان، کنور نوید اور انیس قائمخانی کے پاس رہی۔ فاروق ستار نے کہا کہ نائن زیرو میں کب کون رہتا تھا میرا اس سے تعلق نہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ نے کہا کہ ملزم سے یہ کون کہلوا رہا ہے سامنے آجائے گا، میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ مزید برآں انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں 96 افراد کے قتل کا ملزم ایم کیو ایم لندن کارکن یوسف ٹھیلے والا عدالت میں پیش عدالت نے 23 نومبر تک ملزم کا ریمانڈ منظور کرلیا ۔