کرپشن کا الزام، سابق ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی کا 10 روزہ ریمانڈ

93

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے سابق ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وسیم اجمل کو 10 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ وسیم اجمل نے عدالت کو بتایا کہ نیب انہیں ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنانے کیلیے کارروائی کر رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کے روبرو کہا کہ ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا، ملزم ایل ڈبلیو ایم سی میں منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم وسیم اجمل نے غیر قانونی طور پر کمپنیز کو ٹھیکے دیے، ملزم پر ٹھیکوں کی مد میں ایک ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ ملزم کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وسیم اجمل اس وقت گریڈ 20 کے سرکاری افسر ہیں، 3 ماہ کا کورس مکمل کرنے کے بعد ان کی گریڈ 21 میں پروموشن ہو جائے گی۔ احتساب عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیا نیب کسی سرکاری افسر کو ایسے ہی اٹھا لیتا ہے یا کسی سے اجازت لیتا ہے؟۔