حکومت کا سوشل میڈیا پر پابندی کا منصوبہ

379

حکومت کا سرکاری اداروں میں واٹس ایپ،فیس بک، یوٹیوب اور یو ایس بی کے استعمال پر پابندی کا منصوبہ سامنے آیاہے۔

تفصیلات کے مطابق علی خان جدون کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، جس میں آئی ٹی بورڈ حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی ۔

سرکاری حکام نے کمیٹی اراکین کو آگاہ کیا کہ سرکاری دفاتر میں بیٹھے لوگ واٹس ایپ، فیس بک ،یوٹیوب چلا رہے ہیں اور یو ایس بی سے ڈیٹا گھر بھی لے جاتے ہیں۔

آئی ٹی بورڈ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سرکاری ملازمین دفاتر میں واٹس ایپ کا استعمال یا محکمانہ دستاویز اپنے ذاتی واٹس ایپ پر شیئر نہیں کریں گے بلکہ ملازمین کے لئے واٹس ایپ طرز کی سروس متعارف کرائی جائے گی جس پر وائس میسج، ویڈیو اور دستاویزات بھیجے جا سکیں گے، اور اس سروس کا سرور حکومت بنائے گی۔

این آئی ٹی بی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری افسران یا ملازم سوشل میڈیا پر پارٹ ٹائم بزنس نہیں کرسکیں گے اور مستقبل میں سرکاری اداروں میں فیس بک، یوٹیوب اور یو ایس بی کے استعمال پر بھی پابندی کی تجویز ہے۔