قرآن وسنت کانظام ہی معاشرے کو امن اور سکون فراہم کر سکتا ہے، حافظ نعیم الرحمن

359
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور عبدالجمیل خان لانڈھی میں پیغام رحمۃ للعالمین کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اقامت دین کا کام انبیا اورصالحین کا کا م ہے ۔طاغوتی نظام نے دنیا کو ظلم کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔قرآن وسنت کانظام ہی معاشرے کو امن اور سکون فراہم کر سکتا ہے ۔ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن آج تک اس ملک میں اسلام کے نظام کو عملی طور پر نافذ نہیں کیا گیا ۔اسلام ایک مکمل اور کامل دین ہے اور یہ دنیا میں نافذ ہونے کے لیے آیا ہے ۔اللہ کے نظا م کے لیے جدوجہد کرناہی سیرتؐ کا پیغام ہے ۔حضور ؐ سے عشق اور محبت مسلمانوں کی میراث ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لانڈھی شرقی کے تحت لانڈھی ٹوسی ایریا میں پیغام رحمۃ اللعالمین کانفرنس سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا ۔کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان ،مفتی سیدامجد علی شاہ ،مرزاثوبان بیگ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ،جمیل الدین قریشی ،ناظم علاقہ لانڈھی شرقی مرزا نعمان بیگ ،سابق یوسی ناظم ناصر حسن انصاری ودیگر ذمے داران بھی موجودتھے ۔ معروف نعت خوان سلمان طارق نے حمد اور نعت رسول مقبول ؐکا ہدیہ پیش کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ فرقہ واریت اور لسانیت ایک آگ ہے ۔مسلمان ایک جسد واحد کی طرح ہیں۔ سیرت کا پیغام یہ ہے کہ وقت کے طاغوت کو للکارا جائے ، کفر کی قوتوں کے سامنے کشمکش کی جائے اورڈٹ کر ان کا مقابلہ کیا جائے ۔آج 14 سو سال گزرنے کے باوجود حضورؐ کی ایک ایک سنت زندہ ہے ۔مسلمان بے عمل تو ہوسکتا ہے لیکن نبیؐ کی حرمت پر جان قربان کرنے میں دیر نہیں لگائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقامت دین کے کام کو ہم اپنی ترجیحات میں شامل کریں ۔چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل کیا جائے ۔جماعت اسلامی ملک میں مدینے والے نظام کے لیے عملی طورپر جدوجہد کر رہی ہے اور اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے کہا کہ دین کو عملی طور پر دنیا میں نافذ کیا جائے ،اسلام کامل اور مکمل دین ہے اور یہ دین میں غالب اور نافذ ہونے کے لیے آیا ہے ۔مولانا مفتی سید امجد علی شاہ نے کہا کہ قرآن عمل کی کتاب ہے ۔قرآن کا نظام آفاقی نظام ہے اور اس نظام کے ذریعے ہی ہمارے مسائل حل ہوںگے ۔