نواز شریف فیصلے کیخلاف حکومت کو عدالت نہیں جانا چاہیے‘ شیخ رشید

137

راولپنڈی ( آن لائن ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف فیصلے کے خلاف حکومت کو عدالت عظمیٰ نہیں جانا چاہیے، ایک آدمی بیمار ہے اسے باہر جانے دیں اس پر سیاست نہ کریں یہ نہ ہو فلم الٹی چلنی شروع ہوجائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ میں اتفاق کرتا ہوں کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری ہے، گڈ گورنس نہیں ہے، وزیراعظم اس پر کام کریں تو عزت پائیں گے۔ انہوں نے کابینہ میں ردو بدل اور گورنر کو عہدے سے ہٹانے کی اطلاعات کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کسی قسم کی معلومات دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا43کلو میٹر پر محیط ٹریک میں سے38 کلو میٹر خالی کروالیا گیا ہے اور بقیہ5 کلو میٹر پر10ہزار سے زائد گھر قائم ہیں جس کے لیے سندھ حکومت کام کرے اور ہم یہ منصوبہ بھی سندھ کو دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثوں میں ریلوے کے عملے کی کوتاہیاں ہیں جس سے میری محنت پر پانی پھرجاتا ہے۔ آصف زرداری کی بیرونِ ملک روانگی کے بارے میں شیخ رشید نے کہا کہ 5 افراد کا کیس ہے، ذمے داری سے کہتا ہوں کہ خورشید شاہ کے علاوہ باقی سب پلی بارگین پر ہیں جبکہ خورشید شاہ اور حمزہ شہباز بری طرح پھنسے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں راولپنڈی واحد شہر ہوگا جس میں4 یونیورسٹیز ہوں گی۔ اس کے علاوہ ہم نے اسپتالوں کی صورتحال بہتر کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روالپنڈی کے خیابان سرسید چوک پر200 کنال رقبے کا دنیا کا جدید ترین14 آپریشن تھیٹر والا زچہ و بچہ اسپتال بنایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چین کی معاونت سے ریلوے یونیورسٹی بنائی جارہی ہے جس کے لیے فنڈز چین فراہم کرے گا جبکہ زمین محکمہ ریلوے کی ہوگی اور اس یونیورسٹی میں چینی تعلیم کو اہمیت دی جائے گی۔