اغوا برائے تاوان میں ملوث سب انسپکٹر محمد اسلم ساتھی سمیت گرفتار

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی پولیس نے قلیل المدتی اغوا برائے تاوان میں ملوث سب انسپکٹر محمد اسلم کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔ 2 روز قبل سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ پولیس سب انسپکٹر کی وردی میں ملبوس ایک شخص سادہ لباس پہنے ہو ئے اپنے ساتھی کی مدد سے ایک شخص کو اپنی نجی کار میں بٹھارہا ہے جس کے مذکورہ شخص کے اہل خانہ کی طرف اس کی گمشدگی کی اطلاع تھانے کودی گئی۔ کورنگی پولیس کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے اطلاعات آرہی تھیں کہ ایک جعلی پولیس پارٹی کورنگی میں میڈیکل اسٹور والوں سے بھتا بھی لے رہی ہے اور میڈیکل اسٹور والوں کو اغوا کر کے تاوان بھی لے رہی ہے،جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو خاص ہدایات دیں کہ اس گینگ کو فوراً ٹریس کر کے پکڑا جاے۔زمان ٹائون پولیس نے شہریوں کی مدد سے اس گینگ کو گرفتارکر لیا۔ سب انسپکٹر محمد اسلم جو کہ انسپکٹر کا جعلی رینک لگا کر اپنے پرائیویٹ ساتھی کی مدد سے عوام کو ڈرا دھمکا کر اور وردی کا ناجائز فائدہ اٹھاکر ان سے بھتا وصول کرتا تھا اور قلیل المدتی اغوا برائے تاوان کرتا تھا اور ہر واردات میں گاڑی کی نمبر پلیٹ کو تبدیل کرتا تھا تاکہ کوئی اس کی گاڑی کا سراغ نہ لگا یا جا سکے۔ سب انسپکٹر اسلم اور اس کے ساتھی کے خلاف تھانہ زمان ٹائون اور تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں اغوا براے تاوان و بھتے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔