پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس عوام کے سامنے لایا جائے، مولانا راشد سومرو

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں جمعیت علمائے اسلام کے تحت دھرنے سے خطاب کے دوران مولانا راشد محمود سومرو نے عمران خان پرشدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ وہ بیرونی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ،تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس عوام کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو دھرنے کے لیے کئی ملین ڈالرز دیے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ مولانا کے دھرنے سے کشمیر کا معاملہ پس منظر میں چلا گیا ہے تو کرتار پورسے یہ معاملہ کیوں پیچھے نہیں جاسکتا۔ جس دن بھارتی عدالت نے بابری مسجد کا فیصلہ سنایا اسی دن عمران خان نے کرتار پور کا بارڈر کھول دیا۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ اگر ہمارے دھرنے سے ہمارے اتحادی فائدہ اٹھاتے ہیں تو اٹھانے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی حکومت میں ہزاروں لوگوں کے گھر توڑ کر بنی گالہ کو دو دن میں ریگولرائز کرا لیا جاتا ہے۔اس حکومت نے اٹھارہ ماہ میں جو قرض لیا ہے وہ گزشتہ ستر برسوں کے قرض سے زیادہ ہے ۔ موجودہ حکومت محنت کشوں کی دشمن ہے ، مہنگائی کے سبب آج عوام سبزی نہیں خرید سکتے ۔