کویت: وزیراعظم کابینہ سمیت مستعفی

373

کویت : کویتی پارلیمان میں تعمیرات اور ورکس کی خاتون وزیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد وزیراعظم کابینہ سمیت مستعفی ہوگئے .

کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم شیخ جابر المبارک الصباح نے جمعرات کے روز باضابطہ طور پرامیر شیخ صباح الاحمد الصباح کو اپنی کابینہ کا استعفا پیش کردیا ہے ۔مستعفی ہونے کا  فیصلہ تعمیرات اور ورکس کی وزیر جینان رمضان سے پارلیمان میں پوچھ تاچھ کے بعد کیا گیا  ہے۔

کویتی  پارلیمان کے بعض ارکان نے خاتون وزیر جینان رمضان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ 2018ءمیں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار شہری ڈھانچے اور سڑکوں کی مرمت کرانے میں ناکام رہی ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دس ارکان نے پارلیمان میں جینان رمضان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس کے بعد خاتون وزیر نے پارلیمان میں اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

جینان رمضان نے اپنے خلاف اس تحریک کے بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی وزارت ماضی سے ہی مسائل کا شکار ہے ، انھیں ان مسائل کا ذمے دار نہ ٹھہرایا جائے جو ان کے قلم دان سنبھالنے سے پہلے کے وزارت میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی کویت میں حکومتیں پارلیمان کے منتخب ارکان محکموں کی کارکردگی کے بارے میں سوالات پر مستعفی ہوتے رہے  ہیں۔کویت میں اگر کسی وزیر یا عہدہ دار کے خلاف پارلیمان میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائے تو پوری کابینہ مستعفی ہو جاتی ہے۔

کویت میں آئندہ پارلیمانی انتخابات 2020ء کے اوائل میں متوقع ہیں۔