پاکستان ورلڈ اسنوکر چیمپئن بن گیا،فتح کشمیریوں کے نام

498
ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کا آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کی ٹرافی اٹھائے خصوصی پوز،دوسری جانب فائنل کا ایک منظر
ورلڈ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کا آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کی ٹرافی اٹھائے خصوصی پوز،دوسری جانب فائنل کا ایک منظر

انتالیہ (جسارت نیوز)پاکستان کے محمد آصف نے آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ترکی کے شہر انتالیہ میں جاری عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نمبر ون محمدآصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔سیمی فائنل میں محمد آصف نے تھائی لینڈ کے کرتسانوت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-7سے کامیابی حاصل کی، اس سے قبل کوارٹر فائنل میں بھی آصف نے تھائی لینڈ ہی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔پاکستان کے محمد آصف نے گروپ میں تمام میچز جیتے، پھر راؤنڈ آف سکسٹی فور ، راؤنڈ آف تھرٹی ٹو اور پھر پری کوارٹر فائنل جیتا۔اس سے قبل پاکستان کے محمد آصف نے 2012 میں بھی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ 2014میں محمد سجاد نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا لیکن وہ ٹائٹل نہیں جیت سکے تھے۔اب محمد آصف دوسری مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ محمد آصف 2017 اور 2013 میں ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ جیتنے والے ٹیم میں بھی شریک تھے جب کہ 2013میں انہوں نے ایشین سکس ریڈ چیمپئن شپ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔دوسری بار اسنوکر کا عالمی ٹائٹل جیتنے والے پاکستان کے محمد آصف نے اپنی کامیابی کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اکیلے ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔محمدآصف نے ترکی کے شہر انتالیہ میں کھیلی گئی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں محمد آصف نے کہا کہ دوسری بار ورلڈ ٹائٹل جیتنا ایک اعزاز کی بات ہے ، اس چیمپئن شپ میں 44ممالک کے کیوئسٹ شرکت کررہے تھے جب کہ سیمی فائنل اور فائنل مشکل تھا لیکن ان کی محنت رنگ لائی۔دوسری جانب پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر منور شیخ نے کہا کہ دوسری بار ورلڈ ٹائٹل جیتنے کے بعد انہیں امید ہے کہ حکومت اور کھیلوں کی وزارت اسنوکر کے کھیل پر خصوصی توجہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آصف نے پوری چیمپئن شپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ثابت کیا کہ وہ باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔چئیرمین پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ رواں سال 10سے 12انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے میڈلز جیتے لیکن کسی نے حوصلہ افزائی نہیں کی ۔