عشق مصطفیؐ کا تقاضا تعلیمات نبویؐ کے مطابق زندگی گزارنا ہے، دردانہ صدیقی

199

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول امت کو یاد دلاتا ہے کہ وہ وارث ِنبی ؐ ہے اور محمد ؐ آخری نبی اور امت مسلمہ آخری امت ہے۔12 ربیع الاول کا دن مسلم امہ انتہائی جوش و جذبے سے مناتی ہے لیکن عشق مصطفی ؐ ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ اپنے شب و روز نبی کریمؐکی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔اس دن کو محض رسم کے طور پر نہیں منانا چاہیے بلکہ سیرت النبیؐپر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبین، سرور عالم ، محسن انسانیت حضرت محمد ؐ کی ولادت تاریخِ انسانی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔ ملت اسلامیہ کو اقوام عالم میں جو منفرد حیثیت حاصل ہے اس کی بنیاد ذات رسالت مآب ؐ سے نسبت کی وجہ سے ہے۔ امت کا فرض ہے کہ اللہ کے آخری نبیؐ کی وارث ہونے کی حیثیت سے اس کردار کو انجام دے جس کے لیے محبوب خداؐنے دنیا کی تمام قوتوں کو بیک وقت چیلنج کیا اور تمام دنیاوی خدائوں کا انکار کرکے ایک اور واحد رب الناس،ملک الناس اور الہ الناس کی بندگی کی دعوت دی اور اعلان کیا کہ اللہ کے سوا کسی کو انسانوں کا حکمران ، آقا اور خدا بننے کا حق حاصل نہیں ہے۔دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں کام کرنے والوں کے لیے رسول اللہ ؐکا مثالی اسوہ حسنہ موجود ہے آپ نے بحیثیت شوہر ، والد ، تاجر، دوست ،پڑوسی حکمران اور سپہ سالار کے بہترین اصول چھوڑے ہیں۔ اگر ہم ان اصولوں پر عمل کریں تو ایک کامیاب ترین زندگی گزارسکتے ہیں۔ آج کا دن ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم تمام مسلکی و گروہی اختلافات سے بالاتر ہوکر سیرت مصطفی ؐکے پرچم تلے ایک ہو جائیں ۔