وزیراعظم سے 5 اشیاء پر ریلیف دینے پر بات ہوئی ہے، چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز

102

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ذوالقرنین علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے 5 بنیادی اشیاء پر ریلیف دینے پر بات ہوئی ہے، پیر کو 6 ارب روپے یوٹیلیٹی اسٹورز کو ٹرانسفر ہو جائیں گے، وزارت فوڈ سیکورٹی 2 لاکھ ٹن گندم دے گی، آٹے کی قیمت 830 روپے تک رکھنے کے خواہاں ہیں، آٹے کی قیمت مارکیٹ میں 900 روپے سے تجاوز کر گئی ہے، ہم 5 ہزار فرنچائزز کھولنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور کسی ملازم کو فارغ نہیں کر رہے، ہم اسٹورز کو بند کرنے کے بجائے ضم کر رہے ہیں۔ جمعہ کو یہاں ایم ڈی عمر لودھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے عوام کو سہولت دیں گے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 50 ہزار ملازمتیں دینے کی اہلیت رکھتا ہے، ہم چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بنیادی چیزوں پر ٹیکس ختم کرنا چاہیے، غریب افراد کے لیے سہولت کارڈ کا اجراء کرنے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز عمر لودھی نے کہا کہ پیکج کے بعد چینی کی قیمت 71 روپے فی کلو تک ہو جائے گی، آٹا، چینی، دال، چاول اور گھی پر سبسڈی دی جائے گی۔