پاک بحریہ کا زمین سے سمندر میں نشانہ بنانے والے میزائل کا کامیاب تجربہ

409

پاک بحریہ نے زمین سے سمندر میں نشانہ بنانے والے میزائل ‘ ضرب’ کا کامیاب تجربہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ساحلی علاقے سے داغے گئے میزائل’ضرب’نے طے شدہ مدار پر سفر کرتے ہوئے کامیابی سے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنایا،پاک بحریہ کا اینٹی شپ میزائل تجربہ تربیتی مشق کا حصہ تھا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمو دعباسی نے بطو ر مہمان خصوصی مشق کا مشاہدہ کیا۔نیول چیف نے کامیاب تجربے پرمیزائل یونٹ کے عملے ، سائنسدانوں اور انجینئرز کوایونٹ کی کامیابی اور پیشہ ورانہ کارکردگی پر مبارک باددی۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں پر بھر پور اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کی کاوش کمزوری نہ سمجھا جائے،پاک بحریہ بطور پیشہ ور اور مضبوط فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کو آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ضرب میزائل ہتھیاروں کے نظام کی فعالیت پاکستان نیوی کے مضبوط عزم اور تیاری کی اعلی مثال ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ اپنے وطن کی بحری سرحدوں اور مفادات کی حفاظت کے لئے ہر دم تیارہیں۔