پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی بے نتیجہ ختم

319

سڈنی:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر  مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستان کو پہلا نقصان صرف ایک رن پر ہی فخر زمان کی صورت میں اٹھانا پڑگیا، وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے۔حارث سہیل بھی خاطر خواہ کارگردی نہ دکھاسکے اورصرف 4 رنز بنا کرکیچ آؤٹ ہوگئے۔

بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان کا ساتھ دیا اور مجموعی اسکور کو  70 تک لے گئے،رضوان  30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔13 ویں اوور کا کھیل جاری تھا کہ بارش شروع ہوگئی،جس پر کھیل 15، 15 اوورز تک محدود  کردیا گیا۔بارش رکنے کے بعد میچ کا دوبارہ سے آغاز ہوا تو آصف علی اپنے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد 11 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ عماد وسیم بھی پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے مقررہ 15 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف ملا۔بابراعظم 38 گیندوں پر 5 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور رچرڈسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے اننگز جارحانہ آغاز کیا اور 3 اعشاریہ ایک اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 41 رنز بنائے تھے کہ میچ ایک بار پھر بارش کے باعث روک دیا گیا۔

مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔