کیلیفورنیا ، جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہنگامی حالت نافذ

431
سکرامنٹو: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ وسیع رقبے پر پھیل چکی ہے
سکرامنٹو: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ وسیع رقبے پر پھیل چکی ہے

سکرامنٹو (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے سونوما کاؤنٹی میں لگنے والی آگ کے بعد ریاست میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آگ کی وجہ سے سیکڑوں لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر چکے ہیں جب کہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ آگ بجھانے والے محکمے کے عہدے داروں کے مطابق سان فرانسسکو کے شمال میں لگی آگ 30ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل چکی ہے جب کہ صرف 10 فی صد آگ پر قابو پایا جا سکا ہے ۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے لگنے والی آگ سے درجنوں گھر اور باغات تباہ ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ’کن کیڈ‘کہلائی جانے والی آگ بدھ کے روز لگی تھی اور 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے آگ 30 ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل چکی ہے۔ ریاست کے گورنر کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 3 ہزار اہلکار کوشاں ہیں اور متاثرہ افراد کو بحفاظت نکالنے کی کارروائیاں دن رات جاری ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق سانٹا روسا اور سونوما کاؤنٹی میں رہائش پذیر تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے ۔ سونوما کاؤنٹی پولیس نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یہ اب تک لگنے والی سب سے بڑی آگ ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق منگل تک حالات بہتر ہو جائیں گے تاہم امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی جبکہ محکمہ فائر بریگیڈ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔