کینیڈا: انتخابات میں موجودہ وزیر اعظم کی جماعت کامیاب

188
اوٹاوا: کینیڈین وزیراعظم انتخابات میں فتح کے بعد حامیوں سے خطاب کررہے اور جشن منارہے ہیں
اوٹاوا: کینیڈین وزیراعظم انتخابات میں فتح کے بعد حامیوں سے خطاب کررہے اور جشن منارہے ہیں

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی سیاسی جماعت لبرل پارٹی نے پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر لیں۔ حکمراں لبرل پارٹی کو 338 رکنی ایوان میں 156 نشستیں حاصل ہوئیںاور حکومت سازی کے لیے ٹروڈو کو مزید 14نشستیں درکار ہوں گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو ایک طرح سے اقتدار بچانے میں کامیاب ہوئے ہیں، تاہم اب وہ ایک اقلیتی حکومت کے وزیر اعظم ہوں گے اور انہیں اپنی دوسری مدت میں قوانین منظور کروانا مشکل ہو جائے گا۔ انتخابات میں بائیں بازو کا رجحان رکھنے والی نیو ڈیموکریٹک پارٹی کی نشستوں میں بڑی حد تک کمی دیکھی گئی لیکن اس کے رہنما جگمیت سنگھ حکومت ساز بن سکتے ہیں۔ انتخابات میں علاحدگی پسند جماعت بلاک کیوبیکوز نے 33 نشستیں حاصل کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔ دیگر جماعتوں میں کنزرویٹو پارٹی کو 12، نیو ڈیمو کریٹک پارٹی 4اور گرین پارٹی کو صرف ایک نشست حاصل ہوئی۔ ادھر جسٹن ٹروڈو نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام نے انتخابات میں منفی اور تقسیم کا رجحان رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے مضبوط موقف کی حمایت کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروڈو کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے کہا کہ جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا کی خدمت کی اور میں دونوں ممالک کی ترقی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔ واضح رہے کہ 2015 ء کے انتخابات میں لبرل پارٹی کو 177 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔