سندھ کی ابتر معاشی حالت کی وجہ کرپشن ہے، وزیراعظم

465

کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے صوبہ سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہوگئے ہیں وفاقی حکومت کو شہر قائد میں پانی، مواصلات، ویسٹ مینجمنٹ اور عوام کے دیگر مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

انہوں نے یہ بات  تحریک انصاف کے ممبران سندھ اسمبلی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی، جس میں گورنر سندھ عمران اسمعیل ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی زیدی،  وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا،  معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی نظام کراچی کے مسائل کا حل نکالنے میں معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ  ہماری حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا معاشی خسارہ ورثے میں ملا ہے لیکن  اب ملک کی معاشی صورتحال بہت حد تک بہتر ہوچکی ہے.

اس موقع پر وزیر اعظم نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے ممبران اسمبلی سے رابطے مزید بڑھائیں۔

بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے ممبران سندھ اسمبلی کو کراچی میں جاری اور زیر غور وفاقی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

ممبران نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی  کے عوام اور اس کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح  و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق شہر کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں وہ شہرقائد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر حکام سے بریفنگ لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان حب میں چائنا کے تعاون سے 1320 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کا افتتاح  بھی کریں گے۔