تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو مہنگائی اور بے روز گاری دی، نعیم الرحمٰن

156
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،عبدالجمیل خان،مولانا عطاالرحمن،اجمل وحید اجتماع ارکان سے خطاب کر رہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،عبدالجمیل خان،مولانا عطاالرحمن،اجمل وحید اجتماع ارکان سے خطاب کر رہے ہیں

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل کیا جائے ،تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے قوم کو مہنگائی و بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔لوگ تعلیم اور صحت سے محروم ہیں ۔کارخانے بند ہورہے ہیں ،بجلی ،گیس ،دودھ اورآٹے کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں اور عوام مہنگائی کے خلاف چیخیں مار رہے ہیں ۔ملک میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لائے گی اور اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا، یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے اجتماع ارکان سے اپنے خطاب میں کہی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان، ممتاز عالم دین اور اسکالر مولانا عطا الرحمن اور سیکرٹری ضلع اجمل وحید خان نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن آج تک اس ملک میں اسلام کے نظام کو عملی طور پر نافذ نہیں کیا گیا ۔اسلام ایک مکمل اور کامل دین ہے اور یہ دنیا میں نافذ ہونے کیلیے آیا ہے ۔آج پوری دنیا میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا اور مارا جا رہا ہے ،کشمیر میں بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر کے کشمیر کو ایک جیل بنا دیا ہے ۔دنیا بھر کے انسانی حقوق کے چیمپئن آج خاموش تماشاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں اور انہیں سانپ سونگھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقامت دین کا کام انبیاؑء اورصالحین کا کا م ہے۔ طاغوتی نظام نے دنیا کو ظلم کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ قرآن وسنت کانظام ہی معاشرے کو امن اور سکون فراہم کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشت بان ہے اور ہم نے ہی ہر دور میں مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہے ۔حکمراں امریکا اور بھارت کی چاکری چھوڑدیں اور کشمیر کو جہاد کے ذریعے حاصل کیا جائے ۔دنیا بھر کے مسلم حکمراں امریکاکے بجائے اپنے خدا سے مدد طلب کریں اور ہمارا خدا آج بھی فرشتے نازل کر کے ظالموں کو نیست ونابود کردے گا ۔امریکا ودیگر مغربی ممالک مسلمانوں کے خون کے پیاسے ہیں ۔امریکا بھارت اور اسرائیل ٹرائیکا کشمیر پر قبضے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں لیکن انہیں ذلت ورسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا کشمیر جلد آزاد ہوکر پاکستان کاحصہ بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ارکان اور کارکنان معاشرے میں ایک بڑی تبدیلی کیلیے میدان عمل میں نکلیں ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کو اب میدان میں نکلنا ہوگا اور ایک بڑی تبدیلی کیلیے جدوجہد کرنا ہوگی ۔عوام جماعت اسلامی کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ قرآن کا نظام آفاقی نظام ہے اور اس نظام کے ذریعے ہی ہمارے مسائل حل ہوںگے ۔اجمل وحید خان نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشرے میں تبدیلی اور قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کیلیے جدوجہد کر رہی ہے۔