واپڈا سی بی اے کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کیلئے کوشاں ہے،عبداللطیف نظامانی

207

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے) کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میں حیسکو، سیپکو کے کنٹریکٹ ملازمین کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کے لیے کوشاں رہی ہے اور تاحال ہماری یہ ہی کوشش رہی کہ جتنی جلدی ہوسکے، ان ملازمین کو ریگولر کروایا جائے، یونین کی کاوشوں کے باعث پیپکو انتظامیہ نے ملک بھر کے 17 ہزار کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، پہلے مرحلے میں کاغذات کی وصولی شروع کردی گئی ہے اور مرحلہ وار ان ملازمین کو مستقل کیا جائے گا آج یہاں جمع ہونے اور جلسہ کرنے کامقصد بھی ہمارا یہی ہے کہ آپ کی جدوجہد کو تیز کیا جائے۔ اس حوالے سے یونین آگے چل کر مزید کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں 23 اکتوبر کو یوتھ کانفرنس کا انعقاد کررہی ہے، جس میں پورے ملک کی محکمہ برقیات کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے کنٹریکٹ ملازمین بھرپور تعداد میں شرکت کرکے اپنے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔ لہٰذا تمام کنٹریکٹ ملازمین اس جلسے میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کی آواز محکمہ بجلی کے مرکز لاہور میں اس طرح گونجے کہ ادارہ دہل جائے اور اپنے کام کی رفتار کو آگے بڑھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کارکن ہمارا سرمایہ اور مستقبل ہیں، پرانے لوگوں کی جگہ نئے لوگ ان کی جگہ لیتے ہیں، یہی دنیا کا طریقہ کار تبدیلی ہے، حیسکو میں کنٹریکٹ ملازمین کی تعداد 300 ہے اور جن کنٹریکٹ ملازمین کو 2 سال ہوچکے ہیں وہ ریگولر ہونے جارہے ہیں، ان کے کاغذات مکمل ہونے کے بعد ان کے مستقل ہونے کے احکامات کا اجرا ہوجائے گا۔ پہلے مرحلے میں 127ملازمین کو ریگولر کیا جارہا ہے جبکہ بقیہ ملازمین کو اگلے مرحلے میںکیا جائے گا اسی طرح ڈیلی ویجز ملازمین کو بھی ریگولر کرنے کے لیے جدوجہد کی جارہی ہے۔ جلسے سے صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی سی بی اے یونین کو احساس ہے کہ گزشتہ 6 سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود اب تک نہ تو ریگولر کیا گیا اور نہ ہی آپ کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جس کے باعث آپ انتہائی قلیل اور محدود اجرت کے عوض بجلی جیسے خطرناک کام سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دیں رہے ہیں۔ یونین نے آپ کی اجرتوں میں اضافہ کے لیے بڑی کامیابی حاصل کرلی اور اس میں اضافے کے لیے جلد ہی حیسکو انتظامیہ سے احکامات جاری کرائے جارہے ہیں۔ یوں سمجھیں یہ خوشخبری پائپ لائن میں ہے۔ جلسے سے اعظم خان، عبدالمناف نظامانی، شیر محمد نظامانی، ارشد تقوی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر حنیف خانزادہ، میر حسن، ساجد اللہ راجپوت، رفیق بھٹی، مجاہد علی، فرید احمد، سراج بیگ، رائو ریحان احمد، اصغر خاصخیلی، عبدالقدوس وغیرہ وغیرہ بھی موجود تھے۔