سندھ میں جرمنی کے تعاون سے چار بلڈ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں

78

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ریجنل بلڈ سینٹر کا افتتاح کیا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ قونصلر جنرل جرمنی یوجین واللفر، سابق گورنر ریٹائرڈ جنرل معین الدین حیدر، سیکرٹری صحت بھی ہمراہ تھے۔ جرمن قونصلر جنرل یوجین وللفرر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بلڈ سینٹر کی تعمیر میں جرمنی تعاون کررہا ہے، سندھ بھر میں چار بلڈ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں، جس میں حکومت بھی معاونت کررہی ہے۔ پاکستانی عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں، جرمن قونصلر جنرل یوجین وللفرر کا کہنا تھا کہ ہم مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں۔ جرمن حکومت کے تعاون سے سندھ میں چار ریجنل بلڈ سینٹر قائم کیے گئے ہیں تاکہ بلڈ سینٹر سے عوام کو صاف اور محفوظ خون فراہم کیا جاسکے۔ سکھر، جامشورو، بینظیر آباد اور کراچی میں سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ کراچی سینٹر کا افتتاح نومبر میں کیا جائے گا، جرمن حکومت نے مالیاتی تعاون کیا۔ اپنی اہلیہ کے ساتھ نوابشاہ پہلی بار آیا ہوں، بہت گرم جوشی سے استقبال کیا گیا، بہت خوشی ہوئی ہے یہاں آکر۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جرمنی کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ فاطمہ فاؤنڈیشن انسانی زندگیوں کو بچانے میں بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے۔ ریجنل بلڈ سینٹر سے اسپتالوں میں زیر علاج اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو صاف اور محفوظ خون فراہم ہوسکے گا۔ نوابشاہ میں 4 یونیورسٹیاں ہیں اور ان یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اس سینٹر کو خون کا عطیہ فراہم کریں۔ اس موقع پر فاطمید فاؤنڈیشن کے چیئرمین سابق گورنر ریٹائر جنرل معین الدین حیدر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔ بلڈ ڈونر سینٹر ایف ایف ڈبلیو جرمنی اور فاطمید فاؤنڈیشن کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔ فاطمید پاکستان کا واحد ادرہ ہے جو رضاکارانہ خون کا عطیہ دے رہا ہے۔ تقریب میں معززین شہر اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔