قرطبہ سٹی مدینتہ العلم کے چیئرمین لیاقت بلوچ کا قرطبہ سائٹ کا دورہ

2047

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور قرطبہ سٹی،مدینتہ العلم کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے جمعے کو قرطبہ سائٹ کا دورہ کیا اور زیر تکمیل تمام پراجیکٹس اور دیگر ترقیاتی کاموں کا مکمل جائزہ لیا۔

اس موقع پر قرطبہ اسٹاف کی ٹیم ان کے ساتھ تھی۔ چیئرمین نے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات دیں اور پراجیکٹ کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ تعمیراتی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے تاکید بھی کی، قرطبہ سٹی مدینتہ العلم کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آ بادی کے لحاظ نئے شہر آباد کرنے کی ضرورت ہے۔قرطبہ شہر سے ہماری دلی اور مذہبی وابستگی ہے،اس شہر پر800 سال تک مسلمانوں کی حکمرانی رہی ہے اور یہ علمی اور ثقافتی شہر رہا ہے اس لیے قرطبہ سٹی کودوبارہ آباد کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جو ہماری رہائشی،علمی اور ثقافتی ضروریات کوپورا کر سکیں۔

واضح رہے کہ قرطبہ سٹی موٹروے چکری انٹرچینج کے قریب شہری آبادی کے ہنگاموں اور شور سے ایک خاص فاصلے پر پوٹھوار کی وادیوں میں گھرا ہوا ایک ایسا رہائشی پراجیکٹ ہے جہاں سے اسلام آباد آدھے گھنٹے جبکہ نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ صرف 20 منٹ کی مسافت پر ہے۔قرطبہ سٹی کے پاس سے سارا سال چشموں کا پانی لئے رواں دواں دریائے سِل زندگی کو قدرت کا ایک بہترین نظارہ فراہم کرتا ہے۔ موٹروے کے علاوہ قرطبہ سٹی کے رہائشی براستہ دھمیال روڈ رولپنڈی صدر تک باآسانی رسائی حاصل کرسکتے ہیں جبکہ نئے مجوزہ راولپنڈی رِنگ روڈ کی تعمیر کے بعد جی ٹی روڈ تک رسائی بھی مزید آسان ہو جائے گی۔

ہزاروں ایکڑ پر پھیلے پراجیکٹ کی ڈیزائننگ اس طرح کی گئی ہے کہ اس کے عین وسط میں بین الاقوامی قرطبہ یونیورسٹی اور جامع مسجد قرطبہ واقع ہیں جن کا کل رقبہ 1050 کنال(132 ایکڑ) سے زائد ہے۔ اس مرکزی کمپلیکس کے گرد 15 بلاکس رہائشی ایریا کے طور پر مخصوص ہیں۔

داخلی کمپلیکس پر واقع 300 فٹ چوڑی شاہراہ اور یونیورسٹی و مسجد کے گرد واقع 200 فٹ چوڑی رنگ روڈ ز تمام بلاکس کو اسطرح ملاتی ہیں کہ 500 گز، 272 گز اور 138 گز کے پلاٹ مالکان تمام بنیادی سہولیات یعنی پلے گراؤنڈز، پارکس، مساجد اور مارکیٹس سے ایک ساتھ فائدہ اٹھا سکیں۔قرطبہ سٹی کے اطراف میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں، قرطبہ سے نئے ائرپورٹ کا کل فاصلہ تقریباً 35 کلومیٹر جو کہ باآسانی 20 منٹ میں طے کیا جا سکتا ہے۔ ائر پورٹ اور اس علاقہ کے قریب سے گزرنے والے سی پیک راستے کی بدولت اردگرد کے علاقہ میں تیزی سے تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔

جن میں سب سے زیادہ قابل ذکر چکری انٹرچینج کے قریب آئل ویلج اور رینجرز ہیڈ کوارٹر کا قیام ہے۔ ان پراجیکٹس کی بدولت نہ صرف قرطبہ سٹی کی اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ اس علاقہ میں لوگوں کی آمدورفت میں مسلسل اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔