وزیراعلیٰ کا کراچی کا دورہ‘ صفائی مہم کا جائزہ،کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کاحکم

355
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ شہر کا دورہ کررہے ہیں
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ شہر کا دورہ کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کلین کراچی صفائی مہم کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کیے اور سڑکوںپر اور دکانوں کے باہر کچرا دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت دیں کہ کچرا پھینکنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے دورے کے موقع پر ان کے ساتھ صوبائی وزیر سعید غنی اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، سیکرٹری بلدیات روشن شیخ، ڈی جی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی آصف اکرام، ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان، پی ڈی کراچی پیکج اور دیگر تھے۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سب سے پہلے عبداللہ ہارون روڈ پہنچے، جہاں پر انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی کہ ڈسٹ بن سڑک پر رکھوائیں اور اگر کوئی دکاندار سڑک پر کچرا پھینکے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ صدر الیکٹرونک مارکیٹ گئے تو وہاں پر سڑک پر موجود ملبہ اور کچرا دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں موبائل مارکیٹ پر بھی کچرا اور کیبل اوپن دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا اور کمشنر کراچی اور ایس ایس پی سائوتھ کو موبائل مارکیٹ والوں کو ایک مرتبہ سمجھایا جائے اور نہ سمجھنے پر جرمانہ عاید کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ اس کے بعد کورنگی کاز وے کا معائنہ کرنے پہنچ گئے اور صفائی کا جائزہ لینے کے ساتھ وہاں پر شجرکاری کی مناسبت سے وزیراعلیٰ نے نیم کا پودہ بھی لگایا۔مراد علی شاہ نے بھٹائی کالونی کورنگی کا بھی دورہ کیا۔ شہریوں کا کچرا کنڈی سے باہر کچرا پھینکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی کہ کچرا کنڈیوں میں کچرا پھینکا جائے۔بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ کورنگی زمان ٹائون، کورنگی گرین ٹائون ،شاہ فیصل کالونی، ملیر مرغی خانہ اسٹاپ،کرا پیڑی،جعفر طیار سوسائٹی،شیر پائو کالونی، چکوال گوادم، گل احمد چورنگی روڈ،بھینس کالونی کے بھی دورے کیے جہاں پر سڑکوں کے کنارے کچرے کے ڈھیر اور کنسٹریکشن میٹریل ،ابلتے گٹر اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر صفائی ستھرائی کا کام مکمل کیا جائے اور ایس ایس پی ملیر کو قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈائون کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ڈی سی ملیر اور ڈی ایم سی ملیر کے چیئرمین کو سڑک سے ریتی بجری اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کل ہدایت دی تھی پھر کیوں آج خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں کچھ افسران کو فارغ کروں گا پھر آپ کو سمجھ آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے بھیس کالونی میں قائم جانوروں کے ذبح خانہ کا دورہ کیا اور آلائشیں اٹھانے کے کام کا جائزہ لیا۔منگھوپیر روڈ پر ڈگری کالج کے سامنے جی ٹی ایس بنانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کالج بند ہونے کا نوٹس لے لیتے ہوئے سیکرٹری کالیجز سے رپورٹ طلب کرلی۔ منگھوپیر درگاہ پر حاضری دی اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے۔ ہم سڑکوں کی مرمت اور تعمیر نو پر توجہ دیں گے۔ میری توجہ ڈرینج سسٹم کی بہتری پر بھی مرکوز ہے۔ شہر سے 70فیصد کچرا اٹھا لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سندھ اسمبلی، اپنی قیادت اور سندھ کے عوام کو جوابدہ ہوں۔ مہنگائی کے طوفان کا وفاقی حکومت سے حساب لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی کا حساب بھی ان سے لیا جائے۔ عوام کو بھی اس صفائی مہم میں ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہوگا اور ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا پھر یہ شہر صاف ہوگا۔