وزیراعظم ہمیں ملاقات کے لیے وقت دیں‘یوسف شاہوانی

281

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) آل پاکستان آئل ٹینکر ز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر محمد یوسف شاھوانی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سے اپیل کی ہے کہ ہمارے ساتھ ملاقات کے لیے وقت دیا جائے اور لاکھوں لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچایا جائے، بصورت دیگر27 اکتوبر سے تحریک شروع کی جائے گی، جس میں فاقہ کشی پر مجبور آئل ٹینکرز سے منسلک پریشان لوگ کوئی بھی راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لاکھوں لوگوں کو فاقہ کشی پر مجبور کر رہی ہے، وزیراعظم پی ایس او سے متعلق احکامات کو فوری طور پر منسوخ کرنے کے احکامات صادر کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز سے متعلق ماڈل کی شرط بہرصورت ختم ہونی چاہیے جبکہ فٹنس کی سختتی اور معیار پر پورا اترنے والے ہر ماڈل کے آئل ٹینکرکو لوڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کی چیئرمین پرسن فرعون بنی ہوئی ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا جابرانہ رویہ آئل ٹینکرز سے وابستہ لوگوں میں تیزی سے بے روزگاری ، فاقہ کشی میں اضافہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تمام پرنٹ و الیکرانک میڈیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ دنیا میں حادثات ہوتے ہیں اور حادثات کو کوئی نہیں روک سکتا لیکن آئل ٹینکر کے حادثے کے فوری بعد علاقے کو مکمل سیل کر کے لوگوں کو وہاں جانے سے روک دیا جاتا ہے تاکہ سانحہ رونما نہ ہوسکے۔