جاکھرانی کے گھر چھاپے سے چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، سعید غنی

101

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ زبان بندی کیلیے ہمارے لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، اعجاز جاکھرانی کے گھر چھاپے میں چادرو چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، رینجرز نے بھی اختیارات سے تجاوز کیا اہلکار وں نے اعجاز جاکھرانی کے اہل خانہ کے کمروں کی تلاشی لی، اعجاز جاکھرانی کے گھر میں خواتین کے ساتھ مرد اہلکار بھی اندر گئے، رینجرز اہلکار ان کے کمروں میں کیا کرنے گئے تھے کیا رینجرز کا یہ کام تھا؟ ہماری ثقافت میں خواتین کا احترام کیا جاتا ہے لیکن یہاں اس کو بھی روندا گیا،اعجاز جاکھرانی کے وکیل کو وارنٹ بھی نہیں دکھائے گئے اور انہیں گلی سے باہر روکا گیا، یہ سلوک خورشید شاھ اور آغا سراج کے ساتھ بھی کیا گیا تھا، ہم اس چھاپے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ احتساب کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن جانبدارانہ احتساب کے خلاف ہیں، الیکشن ٹریبونل کی جانب سے 14 اکتوبر کو اعجاز جاکھرانی کی پٹیشن پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے فیصلے کے خوف نے حکومتی صفوں میں ہلچل مچادی ہے۔ نیب کو سرگرم کرکے ہمارے لوگوں کو تنگ کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں دباؤ میں لایا جاسکے۔
سعید غنی