خوف ہے میرا انجام بھی عمران فاروق جیسا نہ ہو،شمائلہ فاروق

144

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومٹ کے مقتول رہنما عمران فاروق کی بیوہ نے اپنا انجام اپنے شوہر عمران فاروق جیسا ہونے کا خوف ظاہر کردیا،شمائلہ فاروق نے اس خوف کا اظہار قاتلوں میں سے ایک کو شناخت کرنے کے بعدکیا۔شمائلہ فاروق کا کہنا ہے کہ مجھے متحدہ نے سیاسی فوائد کے لیے استعمال کیا۔باخبر ذرائع کے مطابق شمائلہ فاروق نے برطانوی پولیس کو دیے گئے بیان میں اہم انکشافات کیے ہیں۔اپنے بیان میں شمائلہ فاروق نے کہا کہ خوف محسوس ہوتا ہے کہ میرا انجام بھی شوہر عمران فاروق جیسا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ قتل کے ملزمان محسن سید اور کاشف کامران کی تصاویر دکھائی گئی تھیں، ان میں سے ایک کو فوراً شناخت کر لیا تھا، وہ ہمیں گھر کے پاس ملا تھا۔شمائلہ فاروق نے کہا کہ عمران کے قتل کے بعد ایم کیوایم نے مجھے سیاسی فوائد کے لیے استعمال کیا، متحدہ قومی موومنٹ میری مدد پر کبھی سنجیدہ نہیں رہی، میرا استحصال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران فاروق کے قتل کے بعد سے آج تک خوشی نہیں دیکھی۔عمران فاروق کی بیوہ نے کہا کہ جب احساس ہوا کہ قیادت میری مدد میں سنجیدہ نہیں تو میں بھی لاتعلق ہوگئی، کینسرکی تشخیص کے بعد مدد نہ ملنے پر خود کو لاچار اور تنہا محسوس کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری بینیفیٹ پر گزارہ ہے، اچھا گھر لینے کی سکت نہیں،پارٹی قیادت عمران فاروق کی برسی پر مجھے عوام میں یاد کرلیتی ہے۔