حکومت گھوٹکی واقعے میں ملوث کیے جانے کا نوٹس لے‘میاں عبدالحق

247

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالحق عرف میاں مٹھو کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اسلام کے نام پر سیاست نہ کریں ۔میں نے کبھی کسی کو زبردستی نہ مسلمان کیا نہ ہی ہندو لڑکی کی کسی مسلمان سے زبردستی شادی کرائی ہے یہ واویلا صرف ملک کو بدنام کرنے کے لیے مچایا جارہا ہے ڈہرکی میں میگھوڑا اور مسلمانوں کا ایک ہی قبرستان ہے، اگرکسی ہندو کوزبردستی مسلمان کیا گیا ہے تو میں دعوت دیتا ہوں کہ ایک غیرجانبدارکمیٹی بنائیں اورڈہرکی آکرحقائق کا جائزہ لیں،حکومت گھوٹکی واقعہ میں مجھے ملوث کیے جانے کا نوٹس لے۔ وہ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرر ہے تھے ۔ میاں عبدالحق عرف میاں مٹھونے کہاکہ مجھ پرالزام عائد کرنے والے ثابت کریں کہ میں نے کسی کو زبردستی مسلمان کیا ہے۔ جھوٹے الزام نہ لگائے جائیں،میرے گھر میں خود ہندو کام کرتے ہیں زبردستی کرنا ہوتا تو سب سے پہلے انہیں مسلمان کرتا۔ کوئی بھی مسئلہ ہو تو ہندوؤں کی مدد کے لیے میرا خاندان پہنچتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندو لڑکیوں کی زبردستی شادی کا واویلا صرف ملک کو بدنام کرنے کے لیے مچایا جارہا ہے۔حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔،میڈیا کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ ڈہرکی آئیں اوراسلام قبول کرنے والوں سے خود ملکرحقائق جانیں کسے زبردستی مسلمان کیا گیا ہے۔