محکمہ تعلیم گھوسٹ قرار دی گئی ٹیچرز کو ایوارڈ دینے پر مجبور

214

 

کراچی( رپورٹ:حماد حسین) محکمہ تعلیم ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کی جانب سے گھوسٹ قرار دیے جانے والے اساتذہ کی متاثر کن کارکردگی کے باعث ایوارڈ دینے پر مجبور ہوگئی۔مذکورہ اساتذہ اپنے حق کے لیے گزشتہ کئی سالوں سے عدالتوںکے چکر لگارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق یوم اساتذہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی اور وسطی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔جس میں ڈسٹرکٹ کے چیئرمین نے بھی شرکت کی تھی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن جنوبی کے صدر ٹائون میں اسکول نمبر27 کی استادارم ناز اور اسکول نمبر12کے استاد عمران احمد ولد احمد علی خان کو ان کی بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹ دینے پر مجبور ہوگئی ہے۔ڈسٹرکٹ کی سطح پر 50سے زائد اساتذہ کو ایوارڈ زسے نوازا گیا تھا۔ان بہترین اساتذہ کی انتخاب کے ذمے داری ڈپٹی ڈائریکٹر کو سونپی گئی تھی۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کے2015ء میں کراچی بھر کے کم وبیش1200سے ز ائد اساتذہ کو گھوسٹ قرار دے کر ان کی تنخواہیں روک دی گئی تھیں۔جس کے بعد ان اساتذہ کی جانب سے عدالت میں پٹیشن نمبرCP-D 6352/2016 دائرکی گئی جس کے بعد عدالت نے تمام اساتذہ کی اسکروٹنی کروانے کا فیصلہ دیا تھا جس میں کم و بیش 800اساتذہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ایک استاد کا کہنا تھا کہ ہم 2015ء سے اب تک روزانہ اسکول جاتے ہیں اور تدریسی عمل میں شریک بھی ہوتے ہیں۔تاہم 4سال گزرنے کے باوجود تاحال ہمارے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔