بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے،چن ژائو ڈونگ

99

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عوامی جمہوریہ چین کے کراچی میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل چن ژائو ڈونگ نے کہا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے خطے میں نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ اس منصوبے سے جڑے تمام ممالک میں معاشی خوشحالی آئے گی اور خطے میں استحکام کے ساتھ ساتھ ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔پاک چین دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہے اور دونوں ممالک کے مابین ایک ایسا رشتہ قائم ہے جو دنیا میںبہت کم دیکھنے کو ملتاہے۔چین پاکستان کی سالمیت کے لیے دعا گو ہے اور باہمی تعاون سے ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے زیر اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کی مناسبت سے جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میںمختلف ثقافتی اور لوک ورثے کے پروگرام پیش کیے گئے۔ چن ژائو ڈونگ نے مزید کہا کہ اندرونی مسئلہ ہو یا خطے میں تنازعات یا بین الاقوامی مسائل ہوں پاک چین کے مابین مضبوط رشتے کی بدولت دونوں ممالک ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔اس وقت 25ہزار کے قریب پاکستانی طلبہ چین کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں جن میں سے سات ہزار سے زائد مختلف اسکالرشپس پر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔