کنٹینر اورخوراک دینے والے حواس باختہ ہوگئے‘قاری عثمان

106

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ27 اکتوبر کو آزادی مارچ کے آغاز کا اعلان ہوتے ہی سلیکٹڈ وزیر اعظم،وزرا اور معاونین کی فوج ظفر موج کا لہجہ انکی اصلیت ثابت کرتا ہے۔ کنٹینر اور خوراک دینے کے اعلان کرنے والے آزادی مارچ کی تاریخ کا اعلان سنتے ہی حواس باختہ ہوگئے ہیں۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان،اعجاز شاہ، فیصل واوڈا،فردوس عاشق اعوان،شیخ رشید،شہر یار آفریدی اور دیگر لوٹا پارٹی کے وزرا دھمکیوں سے باز آجائیں۔فوج کے استعمال کا اعلان کرکے وزیر داخلہ دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہسپتال میں شیخ الحدیث علامہ محمد اسفندیار خان کی عیادت کے بعد منظور کالونی میں مدرسہ عبدالرحمن بن عوف کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر مولانا فتح اللہ، فاروق سید حسن زئی، مفتی علیم الحق، دانیال گجر، مفتی یونس، جمال خان کاکڑ، مولانا غلام یسین، قاری سلیم اللہ خالد ودیگر موجود تھے۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ آزادی و تحفظ ختم نبوت مارچ کے اعلان نے نااہل حکومت کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ سلیکٹڈ حکومت کے وزرا حواس باختگی میں اخلاقیات کا جنازہ نکال رہے ہیں۔ آئے روز انکی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔