جعلی زرعی ادویات اوربیج فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کافیصلہ

177

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے صوبے میں جعلی زرعی ادویات اور بیج فروخت کرنے والی جعلساز کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو کی صدارت میں سندھ سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس ہوا,اجلاس میں سیکرٹری زراعت آغاظہیر، ڈی جی زراعت اورتمام اضلاع کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر اسماعیل راہو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں غیر معیاری سیڈ فروخت کرنے والی کمپنیز کے خلاف کارروائی نہیں کررہی کئی بارخط لکھنے پر بھی جواب نہیں دیا جارہا وفاقی حکومت جعلسازکمپنیوں کے خلاف ایکشن لے ۔سندھ میں ایک سو سے زائد زرعی ادویات کی کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے،سندھ کے تمام اضلاع میں افسران جعلساز کمپنیوں کے خلاف کارروائیاں کررہے ہیں،فصلوں میں جعلی بیج اور ادویات استعمال ہونے کی اب بھی شکایات موصول ہورہی ہیں۔اسماعیل راہونے کہا ہے کہ جعلی بیج اورادویات فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی,جو افسر کارروائی نہیں کریگا اسے معطل کیا جائیگا۔