کے ایم سی اسپتالوں کو این آئی سی وی ڈی کیساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں،مراد علی شاہ

221

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت این آئی سی وی ڈی بورڈ کا اجلاس جمعرات کو وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر صحت، میئر کراچی، ایم پی ایز، ڈاکٹر سہراب سرکی، ڈاکٹر شجیلہ لغاری، سیکرٹری صحت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی ڈاکٹر ندیم قمر، وی سی جے ایس ایم سی پروفیسر طارق رفیع اور دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ روٹین یں این آئی سی وی ڈی کا آڈٹ ہوتا رہتا ہے۔اجلاس میں این آئی سی وی ڈی کا 1999ء سے کمرشل آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ بورڈ نے این آئی سی وی ڈی کے لیے چیف فنانشل افسر تعینات کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں سی ایف او کو ہیڈ آف اکاؤنٹ اور ڈی ڈی او پاور دینے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کا انڈومنٹ فنڈ 600 ملین روپے ہے،سندھ حکومت اگلے سال انڈومنٹ فنڈ میں مزید فنڈدے گی۔اجلاس میں این آئی سی وی ڈی میں ہیلتھ کلب قائم کرنے اور این آئی سی وی ڈی کی ایگزیکٹو کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔کمیٹی میں وزیر صحت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سیکرٹری صحت، ایک ایم پی اے اور ایک پرائیویٹ سیکٹر سے بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔این آئی سی وی ڈی میں ایک اکیڈمک کونسل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔اکیڈمک کونسل میں سابق ڈائریکٹر، ہیڈ آف کرٹیکل کیئر اینڈ پلمنلاجی و دیگر ارکان شامل کیے گئے اور یہ کونسل ریسرچ کے معاملات دیکھے گی ۔این آئی سی وی ڈی میں کلینکل فیکلٹی میں عارضی بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ این آئی سی وی ڈی لیبارٹریز قائم کرنا چاہتی ہے اوران لیبس کے لیے پیتھالوجی،بائیو کیمسٹری،ہیماتھالوجی اور مائیکرو بائیلوجی کے شعبے قائم کرنا چاہتی ہے ۔ بورڈ نے اس کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم کے ایم سی کے اسپتالوں کو این آئی سی وی ڈی کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں،اس طرح کے ایم سی کے اسپتال بھی اپ گریڈ ہوجائیں گے اور ان کے مالی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے میئر کراچی وسیم اختر کو این آئی سی وی ڈی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی اور ڈاکٹر ندیم قمر پہلے آپس میں ملاقات کریں اور جن اسپتالوں پر اتفاق کریں ان کو این آئی وی سی ڈی آڈٹ میں لائیں۔