واٹربورڈ کی گاڑیوں اور سرکاری مکانات کی تفصیلات طلب

79

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر)وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایت پر ایم ڈی واٹربورڈانجینئر اسداللہ خان نے واٹربورڈ کے ایچ آرڈی اینڈ اے ڈپارٹمنٹ سے واٹربورڈ کی گاڑیوں اور سرکاری مکانات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں ، ریٹائرڈ ہونیوالے افسران کی جانب سے گاڑیاں واپس نہ کرنے اور سرکاری مکانات خالی نہ کرنے کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایسے افسران اور دیگرملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایات بھی جاری کردی ہیںجبکہ سرکاری مکانات پر غیرقانونی تعمیرات کرنے والے اہلکاروں کی فہرست 24گھنٹے میں جمع کرانے کے احکامات دیدیے گئے ہیں ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ایچ آرڈی اینڈ اے شعیب تغلق کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ریٹائرڈ افسران سمیت واٹربورڈ کی گاڑیاں واپس اور مکانات خالی نہ کرنے والے افراد کے خلاف قواعد کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے ،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ ملازمین کی رہائشی کالونیوں کا فوری سروے کرکے سرکاری مکانات میں غیرقانونی تعمیرات کرنے والے ملازمین کی بھی فہرست تیار کی جائے ،اس سلسلے میں واٹربورڈ کے لاء ڈپارٹمنٹ سمیت دیگر ماہرین قانون سے اس ضمن میں مشاور ت کی جائے اور قواعد وقانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افرادکے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔