انگریزوں نے مدارس کے بہترین نظام کو طبقاتی تعلیم سے توڑا ،وزیراعظم

23
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان دینی مدرسے کے ہونہار طالبعلم کو شیلڈپیش کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان دینی مدرسے کے ہونہار طالبعلم کو شیلڈپیش کررہے ہیں

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انگریزوں نے مدارس کے بہترین نظام کو طبقاتی تعلیم سے توڑا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مدارس کے زیر تعلیم طلبا میں تقریب تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی نے سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا، نبی کریم نے کہا تعلیم کے لیے چین بھی جانا پڑے تو جائیں، قیدیوں کی رہائی کے لیے بچوں کو تعلیم دینے کی شرط رکھی گئی۔عمران خا نے کہا کہ اسلام نے ذہنوں میں ڈال دیا تھا کہ تعلیم کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، انگریزوں نے مدارس کو دیے جانے والے فنڈ قابو کر لیے، انگریزوں نے سوچ سمجھ کر مسلمانوں کا نظام تعلیم ختم کیا، انگریزوں کے تعلیمی نظام نے طبقات پید ا کیے ۔انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم ختم ہوا تو مسلمان نیچے گئے، ناانصافی ہے ایک طرف انگریزی، اردو میڈیم اور تیسری طرف مدارس ہیں، اسلام اور تعلیم ساتھ ہوتے تو قوم کو انسانیت کی طرف لے کر جاتے ہیں، ناانصافی ہے کہ ایک ملک میں 3 نظام تعلیم چل رہے ہیں،ہم نے فیصلہ کیا کہ مدارس کے طلبہ کو بھی مواقع دیے جائیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ راہ حق کے بارے میں صرف تعلیم بتاتی ہے، پاکستان واحد ملک تھا جو اسلام کے لیے بنا ، غلبہ اسلام کے بعد 30 سال میں مسلمان وسط ایشیا تک پہنچ گئے، ہمیں بچوں کو پڑھانا چاہیے کہ مسلمان پوری دنیا پر کیسے چھا گئے۔عمران خان نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبال نے مغربی تعلیمات کا مقابلہ کیا اور برصغیر کے اہل علم لوگوں کو اپنی طرف راغب کیا، علامہ اقبال نے تمام مغربی فلسفوں اور اسلام کی تاریخ کا مطالعہ کیا اور دور حاضر کی سماجی، اخلاقی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی خرابیوں کا کھل تبصرہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کو نیشنل کریکولم کونسل کے قیام پر خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ نظریہ اقبال کو نصاب کا حصہ بنائیں ،ہم چاہتے ہیں کہ فلم اور ڈراموں کے ذریعے مسلم دنیا کے ہیروز اور تاریخ کو اجاگر کریں ، مغرب کو مسلمانوں کی اعلیٰ روایات اور تہذیب سے آگاہ کریں گے، ہمارے موجودہ تعلیمی نظام میں بچوں کی اکثریت اوپر نہیں آسکتی، ہمارے تعلیمی نظام کو بڑی محنت سے تباہ کیا گیا ہم اس کو ٓٹھیک کرنے کی مکمل کو شش کریں گے مگر اس کے لئے وقت لگے گا ،اس نظام کو لا نے کے لییہم سب کو ایک ہو نا پڑے گا تا کہ ہم دنیا کو پیغام دیں سکیں کہ ہم سب ایک ہیں ۔اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں میں اقبالیات کو لازمی پڑھایا جائے۔
عمران خان