چین کے قومی دن کی تقریبات‘پاک چین سرحد 3 روز کیلیے بند

136

اسلا م آباد(صباح نیوز)حکومت پاکستان نے چین کے قومی دن کی تقریبات کے موقع پر3 روز کے لیے پاک چین سرحد کو بند کردیا۔ایف آئی اے امیگریشن چیک پوسٹ سوست سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اکتوبر2019ء کو عوامی جمہوریہ چین کا قومی دن منایا جارہا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے بارڈر اینڈ پورٹ کنٹرول کے درمیان22 مئی2013ء کو دستخط شدہ معاہدے کے مطابق پورٹ3 روز کے لیے بند رہے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پورٹ یکم اکتوبر سے3 اکتوبر تک3 روز کے لیے بند رہے گا اور خنجراب سرحد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے3 روز تک بند رہے گی۔ایف آئی اے کے مطابق خنجراب سرحد جمعہ4 اکتوبر کو معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائے گی۔خیال رہے کہ چین کا70 واں قومی دن منایا جارہا ہے ، یکم اکتوبر کو فوجی پریڈ کے علاوہ دفاعی ساز وسامان کی نمائش بھی کی گئی۔یومِ آزادی کے موقع پر دارالحکومت بیجنگ میں مرکزی تقریب ہوئی جس میں فوجی طاقت کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔تیانانمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ کوئی قوت چین کی بنیادوں کو ہلاسکتی ہے نہ چینی قوم کو آگے بڑھنے سے روک سکتی ہے۔