پاکستان، امریکا تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق

118

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور امریکا نے دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹ پارٹی کے اراکین ہایمز اور مالونے کے درمیان بات چیت کے دوران پایا گیا۔ ترجمان کے مطابق دفتر خارجہ میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی سمیت خطے کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بہت سے پاکستانی امریکا میں کثیرالجہتی شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان نے سیاحوں اور کاروباری حضرات کی سہولت کیلیے ” ویزہ رجیم” متعارف کروائی ہے جبکہ نئے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری اور سیاحت کیلیے بہترین مواقع موجود ہیں۔