بیوروکریسی نے وفاقی حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد غیر اعلانیہ طور پر روک دیا

96

اسلام آباد (آن لائن) بیورو کریسی نے وفاقی حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد غیر اعلانیہ طور پر روک دیا ہے‘ وفاقی کابینہ کے80 فیصد فیصلوں کو سرد خانے کی نذر کردیا گیا ہے‘ بیورو کریسی نے حکومت کے فیصلوں پر عمل نہ کرنے کے لیے گٹھ جوڑ کرلیا۔ کابینہ ڈویژن سے حاصل دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ افسران نے کابینہ کے80 فیصد فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا ہے بالخصوص وزارت مواصلات، خارجہ امور اور منصوبہ بندی سرفہرست ہیں۔ دستاویزات کے مطابق دفتر خارجہ نے سفارتخانوں میں کمرشل اتاشی کی کارکردگی بہتر بنانے اور ملک کی برآمدات میں اضافے کے بارے میںکابینہ کی سفارشات مسترد کرتے ہوئے سرد خانے کی نذر کر دی ہیں۔ وزارت داخلہ نے عملدرآمد کی ایک رپورٹ بھی کابینہ ڈویژن نہیں بھیجی ہے بالخصوص قیدیوںکی مدد کے بارے میں فیصلے سرد خانے کی نذر ہو گئے ہیں۔ وزارت میری ٹائم نے غیر قانونی مچھلی کے شکار کی روک تھام کے بارے میں کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا ہے۔ وزارت اطلاعات نے پی ٹی وی کے بارے میں فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا ہے۔ وزارت صحت نے اسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے اور فضلے کی تلافی کے فیصلوں پر عمل نہیں کیا ہے۔ وزارت اکنامک افیئر نے کابینہ فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا ہے۔ وزارت انسانی حقوق نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے بارے میں کابینہ فیصلے کورد کر دیا۔ وزارت ہائوسنگ نے سرکاری زمینوں پر قبضے کے بارے میںاحکامات ماننے سے انکار کیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم نے گیس بلوں کی ادائیگی کے بارے میں احکامات مسترد کیے ہیں۔ وزارت موسمیات اور کابینہ ڈویژن نے بھی احکامات مسترد کیے ہیں۔