ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کی تنظیموں کا ’کشمیر بنے گا پاکستان ‘مظاہرہ

139

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) ہومیو پیتھک کی12 تنظیموں پرمشتمل فیڈریشن آف سندھ ہومیو پیتھک ایسوسی ایشنزنے کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلیے اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف کراچی پریس کلب پر ہفتہ کو’’ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ مظاہرہ کیا ۔جس میں ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اور اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پرہومیو پیتھک ڈاکٹرز نے نریندرمودی کو کنکریاں ماریں اور مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔بعد ازاں ہومیو ڈاکٹرز نے پاک فوج کی حمایت میں نعرے بھی لگائے اور پاک فوج کی ملک کیلیے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔مظاہرے میں سندھ بھر سے آنے والے ہومیو پیتھک ڈاکٹرز اور تنظیموں کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہومیو پیتھک کی12 تنظیموں پرمشتمل فیڈریشن آف سندھ ہومیوپیتھک ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں ڈاکٹر سیدجاوید شاہ ،ڈاکٹر ظہیر اخترودیگرنے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، جس پر مقبوضہ کشمیر کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی کوشش کی اس کا نام و نشان مٹا دیںگے ۔مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کر کے تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی ہے، اب وہ سمجھ لے کہ کشمیر کو آزاد ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا ،اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا وقت آگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہے جو کشمیر کاز کیلیے متحدہوا ہے۔