میہڑ، اسسٹنٹ کمشنر کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، بیکری سربمہر

140

میہڑ (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند نے بیکریوں پر خراب انڈوں کے استعمال، منرل واٹر کے کارخانے، ٹرانسپورٹ کرایے میں اضافے کے باعث کوچ والوں کی من مانی، ہوٹلوں کے آگے تجاوزات اور دیگر مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کا دورہ کیا، ایک بیکری سیل، آب زم زم منرل واٹر فیکٹری، کوچوں اور ہوٹل مالکان کو وارننگ، عمل نا کرنے پر کارروائی کا فیصلہ۔ اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند، ڈی ایس پی موٹر وے عبدالصمد ابڑو، ڈی ایس پی میہڑ غلام سرور پنہور، پبلک ہیلتھ آفیسر احسان خاصخیلی، مارکیٹ کمیٹی سیکرٹری اقبال جونیجو اور انسپکٹر سمیت دیگر افسراں فرید آباد بس اسٹاپ سے غلام شبر چنا کی بیکری پر چھاپا مار کر خراب انڈے استعمال کرنے پر بیکری کو سیل کرکے ایک مزدور کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق بیکری مالکان کا رابطہ اور لین دین پر ملازم کو آزاد کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند نے شہریوں کی شکایات پر انڈس ہائی وے اٹک پمپ کے قریب آب زم زم منرل واٹر فیکٹری پر چھاپا مار کر پانی کے سیمپل لیے، صفائی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر میہڑ غلام شبیر رند، ڈی ایس پی موٹر وے عبدالصمد ابڑو کی جانب سے میہڑ بائی پاس ہوٹلوں اور مٹھائی کی دکانوں کے آگے تجاوزات ہٹانے کی آخری وارننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی دکان یا ہوٹل کے آگے تجاوزات پائی گئی تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف عوامی شکایات پر کرایے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر میہڑ اور موٹر وے ڈی ایس پی کی جانب سے کوچ اڈے والوں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے مقررہ کرایہ لینے کے احکامات دیے۔ انہوں نے کہا کہ کوچ والے کرایے زیادہ لیں یا مسافروں سے بدسلوکی کریں تو ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔