حکومت کا مدینے منورہ جیسی ریاست کا وعدہ صرف سیاسی شعبدہ بازی ہے

140

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ سندھ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شاہدہ اعجاز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران حکومت نے کے پی کے میں عبایا لازم کرنے کے بعد چند ہی گھنٹوں میں فیصلہ واپس لے کر یہ ثابت کر دیا کہ انہوں نے عوام سے مدینہ منورہ جیسی ریاست کا جو وعدہ کیا تھا وہ سیاسی شعبدہ بازی کے سوائے کچھ نہیں ،وہ صرف پاکستان کے مسلم عوام سے ووٹ لیکر اغیار کو خوش کرنے آئے ہیں ، ہر معاملے میں یو ٹرن لینا اب حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے ،دوسری جانب حکمران اپنے عالمی آقائوں کوخوش کرنے کے بجائے مظلوم کشمیر ی عوام کی عملی مددکرنے کو تیار نہیں ، احتجاج اورمذمتی بیانات کیلیے عوام اوراپوزیشن موجود ہے ریاست اپنی ذمے داریاں پوری کرے۔ان کا کہنا ہے کہ عوام شدید پریشان ہیں حکومت مقبوضہ وادی کشمیر جہاںبہنیں،بیٹیاں، مائیں اوربچے پکاررہے ہیں محسوس ہو رہا ہے کہ وہاں بھی یو ٹرن لے چکی ہے حکمران صرف بندکمروں میں اجلاسوں،جلسوں اور بیانات تک محدودہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سوا ماہ سے زیادہ دن سے محصورکشمیری عوام جو زندگی موت کی کشمکش اورفاقوں سے مر رہے ہیں ان کی مددکے بجائے خاموش تماشائی کاکرداراداکررہے ہیں جو ملک کے ساتھ بدترین دشمنی کے مترادف ہے۔لیکن حکومت جان لے کہ عوام اس قسم کا رویہ برداشت نہیں کرینگے ۔