پیپلز پارٹی نے کراچی کوکچراچی بنادیا‘خرم شیرزمان

79

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پا کستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے حکومت سندھ کی صفائی مہم پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی نااہلی سے آج صوبے کا حال بدترین ہوگیا ہے۔عروس البلاد جا بجا گندگی و کچرے سے کچراچی میں تبدیل ہوگیا۔ شہر کو کچرے میں تبدیل کر کے حکومت وقت کو اب صفائی کا خیال آرہا ہے۔شہرکی یومیہ صفائی شہر کا حق اور حکومت کی ذمے داری ہے۔منگل کو ایک بیان میں رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت سندھ گیارہ سال سے کراچی کے ساتھ تجربے کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں صوبے میں صرف اداروں کو برباد کیا ہے۔ آج صوبہ سندھ ملک کا سب سے پسماندہ صوبہ ہے۔صوبے میں مہلک امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں،اس سب کی ذمے دار سوائے حکومت سندھ کے کوئی اور نہیں ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی پر صرف سیاست کی ہے۔ حکومت سندھ کی نا اہلی اور ناکامی سے صوبے کا ہر محکمہ تباہ حالی کا شکار ہوگیا ہے۔ حکومت شہر میں صفائی مہم کے نام کا مزاق بند کر کے عملی اقدامات کرے۔ وزیر بلدیات شہر کے کچرے کے ساتھ ساتھ سڑکوں اور سیوریج کے نظام پر بھی توجہ دیں۔پیپلز پارٹی اب واپس شہر کو کچراچی سے عروس البلاد میں تبدیل اور کراچی کو اسکا حق ادا کرے۔